عظمیٰ نیوز سروس
جموں// جموں وکشمیر پولیس نے راجوری پونچھ اضلاع میں ایک بڑے نارکو ٹیرر ماڈیول کا پردہ فاش کرتے ہوئے بڑی مقدار میں منشیات، اسلحہ اور نقدی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (اے ڈی جی پی) جموں مکیش سنگھ نے بدھ کو بتایا کہ راجوری پونچھ رینج میں پولیس اور سیکورٹی فورسز نے منشیات دہشت گردی کے بڑے ماڈیول کو کامیابی کے ساتھ ختم کر دیا ہے۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں 44.47 کلو گرام ہیروئن کے ساتھ ساتھ اسلحہ اور نقدی بھی ضبط کی گئی ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران، مجموعی طور پر آٹھ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کی گرفتاریوں سے نہ صرف منشیات کی غیر قانونی تجارت ختم ہوئی ہے بلکہ خطے میں دہشت گردی کی ممکنہ کارروائیوں کو بھی ناکام بنا دیا گیا ہے۔
اے ڈی جی پی نے بتایا کہ ان کاروائیوں کے دوران اب تک برآمد ہونے والی اشیاءمیں 44کلو گرام سے زائد ہیروئن، 13.2 لاکھ روپے نقدی، ایک اے کے 47 رائفل، دو پستول اور آٹھ دستی بم شامل ہیں، جو منشیات کی سمگلنگ اور اسلحے کی تجارت کے درمیان گھناو¿نے گٹھ جوڑ کو ظاہر کرتے ہیں۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ اسلحے کے علاوہ سیکورٹی فورسز نے 13.2 لاکھ روپے کی بھاری رقم بھی ضبط کی گئی ہے، وہیں بڑے مقدار میں دیگر قابلِ اعتراض مواد بھی ضبط کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ رواں برس راجوری کے ڈھانگری میں مقامی لوگوں اور بھمبر گلی میں سیکورٹی فورسز پر ہوئے عسکری حملے کے بعد علاقے میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔جگہ جگہ ناکہ چیکنگ کی جا رہی ہے اور مشکوک نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔