جہلم میں پانی کی سطح میں اتار چڑھائو برقرار،پانپور اور رام منشی باغ انتباہی نشان سے اوپر
بلال فرقانی
سرینگر//جمعہ کو مسلسل چوتھے دن کشمیر کے کئی حصوں میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی، جس سے بیشتر دریاں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند رہی اور سیلاب کا خدشہ پیدا ہو گیا۔دریائے جہلم کے پانی کی سطح، جو جمعرات کی رات اننت ناگ اور سری نگر میں سیلاب کے اعلان کے نشان سے تجاوز کر گئی تھی، تاہم کم ہونا شروع ہو گئی ہے۔وادی کے کئی حصوں بالخصوص جنوبی کشمیر میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ۔حکام نے بتایا کہ جمعرات کو سیلاب کے اعلان کے نشان سے اوپر اٹھنے والا دریائے جہلم جمعہ کو بعض مقامات پر خطرے کی سطح سے اوپر رہا، حالانکہ اس کے پانی کی سطح صبح سے گر رہی تھی۔ تاہم پانپور میں جہلم خطرے کے نشان سے اوپر جبکہ رام منشی باغ میں انتباہی نشان سے اوپر بہہ رہا ہے۔ دوسری جانب سنگم اور عشم میں بھی شام تک پانی کی سطح میں دوبارہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ آبپاشی و فلڈ کنٹرول نے پہلے ہی الرٹ جاری کیا ہے۔
محکمہ آبپاشی و فلڈ کنٹرول کے ہائیڈرولک گراف کے مطابق سنگم پیمائشی مرکز پر جمعرات کی رات 12 بجے دریائے جہلم کی سطح آب 25.20 فٹ ریکارڈ کی گئی۔ اس کے بعد رات 4 بجے یہ کم ہو کر 19.88 فٹ تک پہنچ گئی، جبکہ جمعہ صبح 10 بجے مزید کمی کے بعد 18.99 فٹ تک آگئی۔تاہم دوپہر 2 بجے پانی کی سطح دوبارہ بڑھ کر 19.06 فٹ اور شام 7 بجے مزید اضافے کے ساتھ 19.62 فٹ تک پہنچ گئی۔پانپور میں دریائے جہلم گزشتہ روز سے مسلسل خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق جمعرات کی رات 12 بجے پانی کی سطح 1587.77 میٹر ریکارڈ کی گئی، جو رات 4 بجے بڑھ کر 1587.89 میٹر تک پہنچ گئی۔ بعد ازاں جمعہ صبح 10 بجے معمولی کمی کے ساتھ سطح آب 1587.74 میٹر ریکارڈ ہوئی، جو دوپہر 2 بجے بھی برقرار رہی، جبکہ شام 7 بجے مزید معمولی کمی کے بعد 1587.72 میٹر ریکارڈ کی گئی۔ اس کے باوجود پانی کی سطح خطرے کے نشان سے بلند رہی۔رام منشی باغ میں بھی دریائے جہلم مسلسل سیلابی انتباہی نشان سے اوپر بہہ رہا ہے۔ یہاں جمعرات کی رات 12 بجے سطح آب 18.81 فٹ ریکارڈ کی گئی، جو رات 4 بجے بڑھ کر 19.04 فٹ تک پہنچ گئی۔ جمعہ صبح 10 بجے پانی کی سطح مزید بڑھ کر 19.07 فٹ ریکارڈ ہوئی، تاہم بعد ازاں معمولی کمی دیکھنے میں آئی اور دوپہر 2 بجے یہ 18.92 فٹ جبکہ شام 7 بجے 18.86 فٹ ریکارڈ کی گئی، جو اب بھی انتباہی سطح سے بلند ہے۔ عشم میں دریائے جہلم میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جمعرات کی رات 12 بجے سطح آب 11.31 فٹ تھی، جو رات 4 بجے بڑھ کر 11.83 فٹ ہوگئی۔ جمعہ صبح 10 بجے یہ 12.35 فٹ، دوپہر 2 بجے 12.56 فٹ اور شام 7 بجے مزید بڑھ کر 12.70 فٹ تک پہنچ گئی۔محکمہ آبپاشی و فلڈ کنٹرول کے مطابق اگرچہ بیشتر مقامات پر صورتحال قابو میں ہے، تاہم مسلسل بارشوں کے پیش نظر دریائوں اور ندی نالوں کی سطح پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ متعلقہ حکام نے نشیبی علاقوں کے رہائشیوں کو محتاط رہنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور محکمہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی ہے
موسم
محکمہ آبپاشی اور فلڈ کنٹرول نے کہا ہے کہ وہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور لوگوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ انتہائی احتیاط برتیں اور دریاں، ندی نالوں اور دیگر آبی ذخائر کے قریب جانے سے گریز کریں۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ جنوبی کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران نمایاں بارش ہوئی۔ قاضی گنڈ میں صبح 8.30 بجے تک 40.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، اس کے بعد کوکرناگ میں 39.2 ملی میٹر اور پہلگام میں 25.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی کشمیر اور ملحقہ علاقوں میں بارش کا جاری سلسلہ جمعہ کی دوپہر تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے جس کے بعد حالات میں بتدریج بہتری کی امید ہے۔اس نے 28 سے 31 جولائی تک پورے خطے میں تازہ موسم کی پیش گوئی بھی کی ہے۔