عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر عبدالرحیم راتھر نے منگل کے روز کہا کہ سکیورٹی صورتحال کو ہرگز ہلکا نہیں لیا جا سکتا اور ماضی کے واقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے موجودہ فیصلے کیے جانے چاہئیں۔
نیشنل کانفرنس ہیڈکوارٹر اور کئی اراکین اسمبلی کی سکیورٹی واپس لینے سے متعلق بحث کے دوران مداخلت کرتے ہوئے اسپیکر نے کہاکہ جن لوگوں نے ایسے حالات کا سامنا کیا ہے وہ خطرات کو بہتر طور پر سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بہتری کے دعوؤں کے باوجود صورتحال اب بھی احتیاط کی متقاضی ہے۔ ان کا کہنا تھا، ماضی کے سکیورٹی واقعات کو سامنے رکھتے ہوئے ہمیں چوکس رہنا ہوگا، سکیورٹی کو معمولی نہیں لیا جا سکتا۔اسپیکر نے مزید کہا کہ اگر انتظامیہ یہ سمجھتی ہے کہ حالات مکمل طور پر معمول پر آ چکے ہیں تو اسے واضح طور پر جموں و کشمیر کو ایک خطرہ سے پاک خطہ قرار دینا چاہیے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اراکین اسمبلی کی جانب سے اٹھائے گئے خدشات کو متعلقہ حکام سنجیدگی سے لیں گے۔
سکیورٹی صورتحال سنگین، نظر انداز نہیں کیا جا سکتا: اسمبلی اسپیکر