عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// منگل کو آئی ای ڈی دھماکے میں دو فوجیوں کی ہلاکت کے بعد فورسز نے بدھ کو اکھنور کے کئی علاقوں میں تلاشی مہم شروع کی ہے۔
عہدیداروں نے بتایا کہ کل کے واقعہ کے بعد اکھنور اور دیگر علاقوں کے بہت سارے مقامات پر بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کی گئی۔
منگل کو جموں ضلع کے اکھنور سیکٹر کے لالالی علاقے میں لائن آف کنٹرول کے قریب ایک دیسی ساختہ بم دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں دو فوجی ہلاک ہو گئے۔ ایک اور فوجی زخمی ہوا اور فی الحال زیر علاج ہے۔
یہ دھماکہ ایل او سی باڑ کے قریب معمول کی گشت کے دوران سہ پہر 3 بجکر 50 منٹ پر ہوا۔
اس کے جواب میں، فوج کی وائٹ نائٹ کور نے مزید خطرات کی نشاندہی کرنے اور اسے بے اثر کرنے کے لیے علاقے میں وسیع تلاشی کارروائیاں شروع کیں۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہلاک ہونے والے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا، “میں ہماری فوج کے بہادروں کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے فرض کی ادائیگی میں اپنی جانیں نچھاور کیں۔ ان کی بہادری اور قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ پوری قوم غم کی اس گھڑی میں شہیدوں کے خاندان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔”
آئی ای ڈی دھماکے کے بعد اکھنور میں تلاشی مہم شروع
