محمد تسکین+محمد عاصف +اشتیاق ملک
رام بن /ڈوڈہ/کشتواڑ/رام بن ،ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع میں خراب موسمی حالات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے آج تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا حکم جاری کیا ہے۔چیف ایجوکیشن آفیسر ڈوڈہ کی جانب سے جاری کردہ سرکولر کے مطابق ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ کی ہدایت پر مسلسل خراب موسم اور طلبہ کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے آج 8 اپریل کو ضلع بھر کے تمام سرکاری و پرائیویٹ اسکول بند رہیں گے۔ تاہم، ڈوڈہ ٹاؤن کے میونسپل حدود میں واقع اسکولوں کے وہ طلبہ اور عملہ جو جاری تین روزہ میگا آگاہی پروگرام میں حصہ لے رہے ہیں، انہیں صبح 9 بجے ٹاؤن ہال ڈوڈہ میں اپنی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔مزید برآں، دیگر تمام اسکولوں کے طلبہ اور عملہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس پروگرام کو آن لائن (لائیو ٹیلی کاسٹ) کے ذریعے دیکھیں۔
ادھر ضلع کشتواڑ میں بھی خراب موسم، مسلسل بارش، پھسلن زدہ سڑکوں اور پتھر گرنے کے خطرے کے پیش نظر، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی وارننگ کے مطابق ڈپٹی کمشنر کشتواڑ کی ہدایت پر تمام سرکاری و نجی اسکول آج بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔تاہم، کشتواڑ شہر کے ملی پیتھ سے چرہار تک کے علاقوں میں واقع اسکول چھٹی جماعت سے اوپر کی کلاسوں کے لیے کھلے رہیں گے۔
تمام تعلیمی اداروں کے سربراہان کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ عملہ اور طلبہ کی صبح 9:30 بجے سے شروع ہونے والے تین روزہ آگاہی پروگرام میں آن لائن شرکت کو یقینی بنائیں، جس کے لیے یوٹیوب لنک علیحدہ طور پر فراہم کیا جائے گا۔
اِدھر خراب اور ناسازگار موسمی حالات کے پیش نظر ضلع رام بن کی ضلعی انتظامیہ نے بھی بدھ کے روز ضلع بھر کے تمام سرکاری اسکولوں میں تعطیل کا اعلان کیا ہے۔