عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر حکومت نے جمعرات کو قانون ساز اسمبلی کو اطلاع دی کہ سابقہ ریاست جموں و کشمیر کی 2504.46 کروڑ روپے کی مالی واجبات لداخ یونین ٹیریٹری کو منتقل کی جانی ہیں۔ لولاب ایم ایل اے قیصر جمشید لون کے ایک سوال کے تحریری جواب میں وزیر برائے خزانہ، عمر عبداللہ نے انکشاف کیا کہ 2504.46 کروڑ روپے کی مالی ذمہ داریاں لداخ کو منتقل کی جائیں گی۔
انہوں نے کہاجہاں تک عوامی قرضوں کی تقسیم کا تعلق ہے، اثاثوں اور واجبات کی تقسیم نوٹیفکیشن SO-329 آف GAD مورخہ 30/10/2020 کے مطابق کی جانی ہے۔وزیر نے مزید بتایا کہ جموں و کشمیر اور لداخ کے درمیان اثاثوں اور واجبات کی تقسیم سے متعلق زیادہ تر سفارشات پر عملدرآمد ہو چکا ہے۔
انہوں نے ایوان کو آگاہ کیا کہ اس معاملے کو لداخ یونین ٹیریٹری اور وزارت داخلہ کے ساتھ اٹھایا گیا ہے۔ جموں و کشمیر کی تنظیم نو کے بعد، وزارت داخلہ نے جموں کشمیر اور لداخ کے درمیان اثاثوں اور واجبات کی تقسیم کے لیے ایک مشاورتی کمیٹی تشکیل دی تھی۔
یہ مشاورتی کمیٹی سابقہ سیکریٹری دفاع سنجے مترا کی سربراہی میں قائم کی گئی تھی، جس میں ریٹائرڈ آئی اے ایس افسر ارون گوئل اور ریٹائرڈ انڈین سول اکاؤنٹس سروس (ICAS) افسر گریراج پرساد شامل تھے۔