پونچھ//پونچھ ضلع کے سرنکوٹ سب ڈویژن کے بفلیاز گاوں کے قریب مٹی کے تودے گرنے کے ایک واقعے میں ماں بیٹی کی موت ہو گئی ہے جبکہ والد شدید زخمی ہو گیاہے۔
تفصیلات کے مطابق، یہ واقعہ جمعہ کی صبح پہاڑی کے اوپری علاقوں سے پسیاں گرآنے کے بعد پیش آیا اور ایک مکان پر بڑے بڑے پتھر اور مٹی کے تودے گر گئے ، جس سے مکان مکمل طور پر منہدم ہو گیا۔
علاقے کے مقامی لوگوں نے بتایا،”یہ واقعہ راجوری سے تھنہ منڈی سرنکوٹ سڑک کے اپ گریڈیشن کے دوران ہوئی کھدائی کے مقام پر پیش آیا”۔
انہوں نے بتایا کہ متاثرہ خاندان میں پانچ افراد ہیں جن میں سے دو گھر سے باہر گئے تھے تاہم دیگر تین افراد مٹی کے تودے کے نیچے گرنے کے ساتھ ساتھ منہدم ہونے والے مکان کے نیچے آ گئے۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے فوری بعد بفلیاز کیمپ سے بھارتی فوج کی کوئیک ری ایکشن ٹیمیں اور بہرام گالہ چوکی سے پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور مقامی لوگوں کی مدد سے ریسکیو آپریشن شروع کیا اور بھرپور کوششوں کے بعد تینوں افراد کو باہر نکالا۔
پولیس نے بتایا،”ان سبھی کو سب ضلع ہسپتال سرنکوٹ لے جایا گیا جہاں علاج کے دوران ان میں سے دو کی موت ہوگئی جبکہ ایک کنبہ کے رکن کو شدید زخمی حالت میں جی ایم سی ایسوسی ایٹ ہسپتال راجوری ریفر کیا گیا ہے”۔
ڈپٹی ایس پی سرنکوٹ تنویر جیلانی نے بتایا کہ متوفی کی شناخت محمد لطیف کی والدہ نسیم اختر (عمر34) اور اس کی بیٹی روبینہ اختر (عمر09) سال کے طور پر ہوئی ہے۔
زخمی محمد لطیف ولد محمد حسین کو سب ضلع ہسپتال سرنکوٹ سے جی ایم سی ایسوسی ایٹڈ ہسپتال راجوری ریفر کیا گیا ہے اور اس کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
ڈپٹی ایس پی کا مزید کہنا تھا کہ جائے حادثہ پر ریسکیو آپریشن جاری ہے کیونکہ کچھ مویشی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
بفلیاز: رہائشی مکان پسی کی زد میں آگیا، ماں بیٹی کی موت، والد زخمی