عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/ضلع رام بن خصوصاً بانہال-گول حلقہ انتخاب کے عوام کے لیے ایک اہم پیش رفت کے طور پر جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں بانہال میں یونیورسٹی کیمپس کے قیام سے متعلق پرائیویٹ ممبر بل منظور کر لیا گیا۔ یہ بل ایم ایل اے بانہال سجاد شاہین کی جانب سے پیش کیا گیا تھا۔اس موقع پر سجاد شاہین نے اسے ایک تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس بل کی منظوری بانہال کے تعلیمی اور سماجی و اقتصادی منظرنامے میں ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے اس خطے کے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع کی کمی کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہاتقریباً 90فیصد طلبہ گریجویشن کے بعد اپنی تعلیم جاری نہیں رکھ پاتے، جس کی وجہ کمزور معاشی حالات، وسائل کی کمی اور قریبی تعلیمی اداروں کا نہ ہونا ہے۔ یہ یونیورسٹی کیمپس نوجوانوں کے لیے تعلیم، مواقع اور بااختیار بنانے کے نئے دروازے کھولے گا۔
سجاد شاہین نے اس دیرینہ مطالبے کو پورا کرنے میں تعاون پر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی بصیرت اور حمایت قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم سکینہ ایتو کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس تجویز پر مثبت غور کیا اور بھرپور تعاون فراہم کیا۔انہوں نے کابینہ کے تمام معزز اراکین اور قانون ساز اسمبلی کے دیگر ممبران کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے متفقہ طور پر اس اہم بل کی حمایت کی۔
انہوں نے مزید کہایہ صرف ایک قانون سازی کی کامیابی نہیں بلکہ ضلع رام بن کے عوام کی اجتماعی جیت ہے، جو پسماندہ اور محروم علاقوں کی تعلیم اور ترقی کے لیے ہمارے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔سجاد شاہین نے ضلع رام بن کے عوام، خصوصاً بانہال-گول حلقہ کے رہائشیوں کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور یقین دلایا کہ اس منصوبے کو زمینی سطح پر جلد از جلد عملی جامہ پہنایا جائے گا۔
بانہال میں یونیورسٹی کیمپس کے قیام سے خطے میں اعلیٰ تعلیم تک رسائی میں نمایاں اضافہ ہوگا، ڈراپ آؤٹ کی شرح میں کمی آئے گی اور نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جس سے یہ علاقہ ایک ابھرتے ہوئے تعلیمی مرکز میں تبدیل ہو جائے گا۔
بانہال میں یونیورسٹی کیمپس کے قیام جموں کشمیر اسمبلی میں رُکن اسمبلی سجاد شاہین کی جانب سے پیش کیا گیا پرائیویٹ ممبر بل منظور