عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/وزیرِاعظم نریندر مودی مغربی ایشیا کے بحران کے پیشِ نظر توانائی کی سلامتی کو مضبوط بنانے کے اہم ایجنڈے کے ساتھ جمعہ کے روز چھ روزہ غیر ملکی دورے پر روانہ ہو گئے ہیں۔ اس دورے میں وہ یو اے ای سمیت چار یورپی ممالک ناروے، سویڈن، نیدرلینڈ اور اٹلی کا دورہ کریں گے۔اس دورے کے دوران وزیرِاعظم کی خاص توجہ توانائی کی سلامتی پر ہوگی، جبکہ تجارت، سرمایہ کاری اور اسٹریٹجک تعاون کو فروغ دینے پر بھی بات چیت کی جائے گی۔ وہ ان تمام ممالک کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔
اپنے دورے کے پہلے مرحلے میں وزیرِ اعظم یو اے ای پہنچیں گے، جہاں وہ صدر شیخ محمد بن زائد النہیان سے ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں توانائی کے شعبے میں تعاون سمیت دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلۂ خیال ہوگا۔ ذرائع کے مطابق یو اے ای کے ساتھ توانائی کی سلامتی کے حوالے سے کم از کم دو اہم معاہدے متوقع ہیں۔یاد رہے کہ مغربی ایشیا کے بحران کے باعث پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کے پیشِ نظر وزیرِ اعظم مودی عوام سے توانائی کے استعمال میں بچت اور زرمبادلہ کے ذخائر کے تحفظ کے لیے کفایت شعاری کی اپیل بھی کر چکے ہیں۔
وزیراعظم پانچ ممالک کے چھ روزہ دورے پر روانہ