عاصف بٹ
کشتواڑ// جموں و کشمیر پولیس نے ضلع کشتواڑ میں چار سرگرم ملی ٹینٹوں کے پوسٹر جاری کرتے ہوئے ان کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر 5 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان ملی ٹینٹوں کے بارے میں کسی بھی قسم کی معلومات فراہم کریں اور یقین دہانی کرائی ہے کہ اطلاع دہندگان کی شناخت اور حفاظت کو ہر ممکن حد تک خفیہ رکھا جائے گا۔
دستیاب تفصیلات کے مطابق، ان پوسٹرز میں مطلوب ملی ٹینٹوں کی تصاویر اور دیگر اہم معلومات شامل ہیں، جنہیں ضلع کے مختلف مقامات بشمول بس اسٹینڈز اور دیگر عوامی جگہوں پر نمایاں طور پر آویزاں کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ اقدام عوام کو ملی ٹینسی کے خلاف جدوجہد میں شریک کرنے کے لیے حکمت عملی کا اہم حصہ ہے۔
پولیس افسر نے بتایا کہ “ہر مطلوب ملی ٹینٹ کے سر پر 5 لاکھ روپے انعام رکھنے کا مقصد شہریوں کو معلومات فراہم کرنے کے لیے ترغیب دینا ہے”۔
عوام کی سہولت کے لیے پولیس نے خصوصی ہیلپ لائنز بھی قائم کی ہیں اور یقین دہانی کرائی ہے کہ معلومات فراہم کرنے والوں کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی اور ان کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جائے گی۔
یہ پیشرفت جموں و کشمیر میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے ملی ٹینسی کے نیٹ ورکس کے خاتمے اور امن و امان کی بحالی کے لیے جاری کوششوں کا حصہ ہے۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ چوکس رہیں اور اپنے ارد گرد کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔
پوسٹرز کے اجرا کو خطے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پولیس کے مضبوط عزم کا اظہار قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد امن و سلامتی کی بحالی کے لیے اجتماعی کوششوں کو تقویت دینا ہے۔