عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ نے بدھ کو ڈوڈہ سڑک حادثے پر اظہار دکھ کیا ہے۔
اسی دوران وزیراعظم نے متاثرین کے حق میں ایکس گریشیا ریلیف جاری کرنے کا بھی اعلان بھی کیا ہے۔
وزیراعظم کے دفتر نے وزیراعظم نریندر مودی کے حوالے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، “جموں و کشمیر کے ڈوڈہ ضلع میں بس حادثہ افسوسناک ہے۔ ان خاندانوں سے میری تعزیت جو اپنے قریبی اور عزیزوں کو کھو چکے ہیں۔ میری دعا ہے کہ زخمی جلد صحت یاب ہوں۔ پی ایم این آر ایف کی طرف سے ہر مرنے والے کے لواحقین کو ایکس گریشیا کے طور پر 2 لاکھ روپے دیئے جائیں گے جبکہ زخمیوں کو 50,000 دیے جائیں گے”۔
اسی دوران مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، “جموں و کشمیر کے ڈوڈہ میں ایک المناک بس حادثے کی وجہ سے قیمتی جانوں کے ضیاع کے بارے میں جان کر گہرا دکھ ہوا ہے۔ مقامی انتظامیہ اس گھاٹی میں ریسکیو آپریشن کر رہی ہے جہاں بس کو حادثہ پیش آیا۔ مرنے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں”۔
بتا دیں کہ بدھ کو ڈوڈہ ضلع کے عسر میں پیش آئے ایک سڑک حادثے میں کم از کم تین درجن افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ 19 دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔