عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بدھ کے روز کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو یقین دلایا ہے کہ وہ ریاستی حیثیت کی بحالی سے متعلق اپنا وعدہ پورا کریں گے۔اننت ناگ ضلع میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق عبداللہ نے کہا کہ ’’وزیراعظم نے حال ہی میں عمر عبداللہ سے کہا ہے کہ وہ جموں و کشمیر کو ریاستی درجہ بحال کرنے کا اپنا وعدہ پورا کریں گے۔‘‘انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اور جموں و کشمیر کے عوام مرکز کی جانب سے اس وعدے کی تکمیل کے منتظر ہیں۔
کاروباری قواعد (بزنس رولز) کی منظوری میں تاخیر سے متعلق سوال کے جواب میں فاروق عبداللہ نے کہا کہ ان کی جماعت صرف بزنس رولز ہی نہیں بلکہ جموں و کشمیر کی مکمل ریاستی حیثیت کی بحالی بھی چاہتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ’’ریاستی حیثیت کی بحالی ان کا دنیا کے سامنے کیا گیا وعدہ ہے اور ہم اس کے پورا ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ نیشنل کانفرنس نے جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی کے مطالبے کے حق میں پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے پہلے دن دہلی میں احتجاج کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔یہ فیصلہ 3 جون کو وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی صدارت میں منعقدہ حکمران جماعت کے اراکینِ اسمبلی کے اجلاس میں لیا گیا تھا۔
وزیراعظم نے ریاستی حیثیت بحال کرنے کا وعدہ وفا کرنے کا یقین دلایا ہے : ڈاکٹرفاروق عبداللہ