عظمیٰ ویب ڈیسک
پہلگام/پہلگام ٹریڈ اینڈ سول سوسائٹی الائنس (پہلگامی الائنس) کے چیف ترجمان مشتاق پہلگامی نے خطے کے اہم سیاحتی مقامات کو دوبارہ کھولنے کے حوالے سے حالیہ اجلاس میں کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے پر جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا شکریہ ادا کیا ہے۔
مشتاق پہلگامی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ الائنس اس بات پر خوشی کا اظہار کرتا ہے کہ چندن واڑی کو پہلے ہی سیاحوں کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا تھا جبکہ گزشتہ روز عیش مقام کے گلشن پارک کو بھی عوام اور سیاحوں کے لیے بحال کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر کے علاوہ ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے عوام کے جائز مطالبات پر مثبت ردِعمل دیا۔
انہوں نے چندن واڑی کی بحالی کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سیاحتی گاڑیوں کو لوئر چندن واڑی سے آگے مرکزی چندن واڑی تک جانے کی اجازت دی جائے تاکہ سیاحوں کو سہولت حاصل ہو اور مقامی سیاحتی سرگرمیوں کو مزید فروغ مل سکے۔
مشتاق پہلگامی نے حکام سے یہ بھی اپیل کی کہ بیجبہاڑہ-لنگن بل روڈ کو سیاحوں کے لیے دوبارہ کھولا جائے، جو ایک طویل عرصے سے بند ہے اور سیاحت کے شعبے کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلگامی الائنس عوامی مسائل کے حل اور جائز مطالبات پر لیفٹیننٹ گورنر کی مسلسل توجہ اور تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بائیسرن ویلی، ڈبیاں ویلی اور دیگر اہم سیاحتی مقامات کو بھی مناسب احکامات کے ذریعے جلد دوبارہ کھول دیا جائے گا تاکہ علاقے میں سیاحت کو مزید فروغ حاصل ہو سکے۔
چندن واڑی اور گلشن پارک کی بحالی پر مشتاق پہلگامی کا لیفٹنٹ گورنر کے تئیں اظہارِ تشکر