اشتیاق ملک
ڈوڈہ/ضلع ڈوڈہ کی تحصیل چلی پنگل میں واقع بھٹیاس جکیاس سڑک پر پیش آنے والے ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں محکمہ مال کے ایک پٹواری کی جان چلی گئی، جبکہ ایک اور شخص زخمی ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق جمعہ کے روز دوپہر تقریباً دو بجے اخیار پور سے بھٹیاس کی جانب آنے والی ایک ایکو گاڑی بھٹیاس بازار کے قریب ڈرائیور کے قابو سے نکل کر گہری کھائی میں جا گری۔ حادثے کے نتیجے میں گاڑی میں سوار دونوں افراد شدید زخمی ہوگئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور پولیس ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔ زخمیوں کو ابتدائی امداد کے بعد سب ضلع ہسپتال گندوہ منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے دھرمنتر سنگھ ساکنہ بھرتی کو مردہ قرار دیا۔ متوفی محکمہ مال میں بطور پٹواری خدمات انجام دے رہے تھے۔
دوسرے زخمی، شبیر احمد ساکنہ چنیاس، کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج و معالجے کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق حادثہ گاڑی کے بے قابو ہو جانے کے باعث پیش آیا۔
بھٹیاس جکیاس سڑک پر سڑک حادثہ،1 جاں بحق، 1 زخمی