عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی /وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہندوستان دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی معیشت ہے اور ملک مختلف شعبوں میں ترقی کر رہا ہے تو اس کی بنیاد مضبوط جمہوریت ہے اور ہماری پارلیمنٹ کی طرف سے بلا تفریق ہر شخص کی ترقی کے لیے فلاحی اسکیمیں ہیں۔دولت مشترکہ ممالک کے اسپیکروں اور پریزائیڈنگ افسران (سی ایس پی او سی) کی 28ویں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے اراکین سے کہا کہ جس کمرے میں یہ کانفرنس منعقد ہو رہی ہے وہ ایک تاریخی کمرہ ہے اور یہیں سے ہندوستانی آئین بنانے کا سفر شروع ہوا اور سات دہائیوں تک اسی کمرے نے ہندوستان میں جمہوریت کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی جمہوریت نہ صرف دنیا کی عظیم ترین ہے بلکہ غیر معمولی بھی ہے۔ ملک کی ووٹر فہرستوں میں تقریباً ایک ارب افراد کا اندراج ہے اور 700 سے زیادہ سیاسی جماعتیں الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ہیں۔ ہماری جمہوریت میں خواتین کو خصوصی اہمیت دی جارہی ہے اور اس کے نتیجے میں آج ہندوستان کی صدر بھی ایک خاتون ہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں 900 سے زیادہ ٹیلی ویژن چینلز اور ہزاروں اخبارات و رسائل ہیں جو عوام کی آواز بن کر مسائل کو سامنے رکھتے ہیں اور جمہوریت کے اس مندر میں اجتماعی غور و فکر کے بعد ان سب کو حل کیا جاتا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان ہر میدان میں ترقی کر رہا ہے اور جو چیلنجز ہمارے سامنے آتے ہیں انہیں ہندوستانی پارلیمنٹ میں گہرائی سے بات چیت اور تعاون کے ذریعے حل کیا جاتا ہے۔
عوامی بہبود کی اسکیموں کو بلا امتیاز چلانا ہندوستان کی مضبوط جمہوریت کی بنیاد : مودی