محمد تسکین
بانہال/جموں-سرینگر قومی شاہراہ پر ضلع رام بن کے پیڑہ علاقے میں پیر کی دیر رات ایک ٹرک اور ٹریکٹر کے درمیان ہونے والی شدید ٹکرمیں دو افراد جاں بحق جبکہ ایک خاتون سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق یہ حادثہ رات تقریباً 10:35 بجے پیڑہ میں نیو کھجوریا ڈھابہ کے قریب پیش آیا، جہاں جموں سے سرینگر کی جانب جا رہا ٹرک، زیر رجسٹریشن نمبر RJ37GA-7418 ایک ٹریکٹر سے ٹکرا گیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ حادثے میں ایک نامعلوم شخص موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ 2 سے 3 دیگر افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں اور جاں بحق شخص کی لاش کو ضلع اسپتال رام بن منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ایک اور زخمی سبھاش ولد نورنگ لال، ساکن راجستھان کو مردہ قرار دے دیا۔ایس ایچ او چندرکوٹ جتیندر سنگھ رکوال نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچی اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ انہوں نے کہا کہ بعد ازاں حادثہ زدہ گاڑیوں کو شاہراہ کے بیچ سے ہٹا کر ٹریفک کی روانی بحال کر دی گئی۔
ایس ایچ او کے مطابق دوسرے جاں بحق شخص کی شناخت ابھی تک نہیں ہو سکی ہے اور اس کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔پولیس نے پولیس اسٹیشن چندرکوٹ میں ایف آئی آر درج کرکے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔