عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کے روز اس بات پر زور دیا کہ جموں و کشمیر میں ’نیا سویرا‘ (نئی صبح) طلوع ہو چکا ہے اور حکومت خطے میں امن قائم کرنے اور خوشحالی لانے کے لیے پوری طرح پُرعزم ہے۔
جموں میں یومِ جمہوریہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایل جی سنہا نے شہداء اور ملی ٹینسی، قدرتی آفات اور افسوسناک واقعات میں جان گنوانے والوں کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔
سیکورٹی فورسز کی جرأت و بہادری کو سلام پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا آپریشن سندور نے دنیا کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ ملی ٹینسی کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے پہلگام حملے میں ملوث پاکستانی ملی ٹینٹوں کو ہلاک کرنے پر مسلح افواج کی ستائش کی اور اس حملے کے متاثرین کے ساتھ ساتھ نوگام دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے حالیہ قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات کا ذکر کرتے ہوئے جان بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا اور سیکورٹی فورسز، ایس ڈی آر ایف اور این ڈی آر ایف کی انتھک راحت و بچاؤ کارروائیوں پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
ترقیاتی ایجنڈے پر روشنی ڈالتے ہوئے ایل جی سنہا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت جموں و کشمیر کو بدلنے اور ’وکست بھارت 2047‘ کے وژن میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطہ امن، ترقی اور مواقع کے ایک نئے دور میں داخل ہو چکا ہے۔
سیاحت کے شعبے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ جموں و کشمیر کی معیشت میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق جنوری سے نومبر 2025 کے دوران ایک کروڑ 61 لاکھ سے زائد سیاحوں نے یونین ٹیریٹری کا دورہ کیا، تاہم پہلگام حملے اور قدرتی آفات کے باعث یہ تعداد گزشتہ برس کے مقابلے میں قدرے کم رہی۔ اس کے باوجود حکومت نے سیاحت کو فروغ دینے اور سیاحوں کا اعتماد بحال کرنے کی کوششیں جاری رکھی ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے قومی یکجہتی اور عوامی شمولیت کو فروغ دینے والی سرگرمیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ کی کشمیر میراتھن میں شرکت نے اس ایونٹ کو ایک نئی جہت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترنگا یاترا میں عوام کی بڑی شرکت عوام کے اندر راسخ حب الوطنی کی عکاس ہے۔
ایل جی سنہا نے کہا کہ ملی ٹینسی کے خاتمے اور متاثرہ خاندانوں کو جامع امداد فراہم کرنے کے لیے مضبوط اقدامات کے نتیجے میں جموں و کشمیر میں ’نیا سویرا‘ طلوع ہو چکا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ملی ٹینسی سے متعلق تمام زیر التوا قتل کے مقدمات کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا تاکہ انصاف یقینی بنایا جا سکے۔
بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر اب ریل رابطے کے ذریعے ملک کے دیگر حصوں سے جُڑ چکا ہے جبکہ ایکسپریس ہائی ویز نے علاقائی رابطے کو نمایاں طور پر بہتر بنایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی معاون اسکیموں کے مؤثر نفاذ سے مختلف شعبوں میں انقلابی تبدیلیاں آئی ہیں۔
شہریوں سے صاف توانائی اپنانے کی اپیل کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے پی ایم سوریہ گھر بجلی یوجنا کے تحت سولر پینل نصب کرنے کی ترغیب دی اور اسے پائیداری اور توانائی میں خود کفالت کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور عوام کی مشترکہ کوششوں سے جموں و کشمیر امن، ترقی اور ہمہ گیر خوشحالی کی جانب مسلسل آگے بڑھ رہا ہے ـ
جموں کشمیر میں ’نیا سویرا‘ طلوع ہو چکا ہے: ایل جی سنہا