عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// جموں میں پکا ڈنگا پولیس نے سنٹرل جیل امپھلہ کی حدود میں ایک موبائل اور سم ماڈیول کا پردہ فاش کیا ہے اور واقعے کے سلسلے میں تین افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ یہ پیش رفت 2 اپریل کو معمول کی تلاشی کے بعد سامنے آئی جس میں ایک چھپا ہوا چینی موبائل فون، ایک سم کارڈ اور چارجنگ لیڈ برآمد ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ جیل کے احاطے میں ایک Cosco بال کے اندر لپٹے ہوئے موبائل فون کو برآمد کیا۔ اس سلسلے میں جیل ایکٹ کی دفعہ 42 کے تحت ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 36/2024 درج کیا گیا، جس کے نتیجے میں ایس پی سٹی نارتھ، جموں کی رہنمائی میں تشکیل دی گئی ایک خصوصی ٹیم کی طرف سے مکمل تفتیش کی گئی۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ تحقیقات، درستگی کے ساتھ کی گئی اور انسانی انٹیلی جنس اور تکنیکی ڈیٹا کی مدد سے، محمد اکیل وانی اور اس کے بعد ہرش سنگھ کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ مزید پوچھ گچھ کے نتیجے میں 11 اپریل کو مرکزی ملزم وکاس سنگھ کی شناخت کی گئی اور گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل بھی قبضے میں لے لی گئی ہے۔
پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ تینوں نے مجرمانہ سازش کے تحت جیل کے احاطے میں دراندازی کرنے اور ریاستی قیدیوں کی مدد کرنے کا منصوبہ بنایا جس سے چھپایا گیا ممنوعہ سامان باؤنڈری وال پر پھینکا گیا۔
معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہے۔