غلام نبی رینہ
کنگن/ گاندربل کے کنگن علاقے میں 13 روز قبل لاپتہ ہونے والے نوجوان کی لاش آخرکار برآمد کر لی گئی۔ اطلاعات کے مطابق بیلہ وسن کنگن کا رہائشی منیر احمد شاہ ولد محبوب شاہ 26 اپریل کو اچانک لاپتہ ہو گیا تھا، جس کے بعد اس کی تلاش کے لیے وسیع پیمانے پر آپریشن شروع کیا گیا۔
کنگن پولیس، ایس ڈی آر ایف گنڈ، ایس ڈی آر ایف کیو آر ٹی مانسبل اور مقامی رضاکاروں نے مشترکہ طور پر تلاش مہم جاری رکھی، تاہم مسلسل کوششوں کے باوجود نوجوان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
بالآخر جمعہ کے روز لاپتہ نوجوان کی لاش بیلہ وسن کے مقام پر نالہ سندھ سے برآمد ہوئی، جس کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا۔ پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لے کر ضروری قانونی کارروائی مکمل کی اور بعد ازاں میت کو ورثا کے حوالے کر دیا۔
پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
13 روز بعد لاپتہ نوجوان کی لاش نالہ سندھ سے برآمد، کنگن میں صفِ ماتم