عظمیٰ نیوز سروس
جموں// پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ جموں وکشمیر محبوبہ مفتی نے مرکزی وزیر روڈ ٹرانسپورٹ اینڈ ہائی ویز نتن گڈکری کے نام مغل روڈ ٹنل کی تعمیر کا کام شروع کرنے کے لئے ایک مکتوب لکھا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس ٹنل کی تعمیر سے وادی کو پیر پنچال سے جوڑنے والا مغل روڈ ہمہ موسمی روڈ بن سکتا ہے۔
محبوبہ نے مکتوب کے ذریعے کہا، ‘جب میں سال 2017 میں وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے موصوف مرکزی وزیر سے ملی تھی تو انہوں نے مجھے یہ ٹنل تعمیر کرنے کی یقین دہانی کی تھی’۔
محبوبہ مفتی نے کہا ، ‘جیسا کہ آپ (گڈ کری) جانتے ہیں کہ مغل روڈ وادی کو پیر پنچال کے ساتھ جوڑنے والا واحد راستہ ہے اور بدقسمتی سے کشمیر کا ناساز گار موسی حالات اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے زیادہ ملک کے باقی سے رابطہ زیادہ تر منقطع ہی رہتا ہے’۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ چند برسوں میں نتن گڈکری کے دور حکومت میں روڈ انفراسٹرکچر اور کنیکٹوٹی میں بہتری درج ہوئی ہے۔
انہوں نے مکتوب میں کہا، ‘لیکن آج تک جموں وکشمیر کے سڑک کے بنیادی ڈھانچے میں کوئی نمایاں تبدیلی واقع نہیں ہوئی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو معاشی و ذاتی سطح پر بے تحاشا نقصان اٹھا نا پڑ رہا ہے’۔
محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ شعبہ باغبانی مقامی معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔
ان کا مکتوب میں کہنا ہے،’مجھے یقین ہیں کہ آپ اس بات سے باخبر ہوں گے کہ سال گذشتہ ٹریفک کی نقل و حمل بند ہونے کہ وجہ سے قومی شاہراہ پر ٹنوں میں پھل خراب ہوا جو ہمارے کسانوں اور ٹرانسپورٹ انڈسٹری کے لئے انتہائی تباہ کن ثابت ہوا’۔
ان کا کہنا ہے کہ فضائی کرایے میں بے تحاشا اضافے سے لوگ زمینی سفر کرنے پر مجبور ہوتے ہیں۔
سابق وزیر اعلیٰ کا مکتوب میں کہنا ہے، ‘ایسے مشکل صورتحال میں قومی شاہراہ بند ہونے سے لوگوں کو ہونے والے مشکلات کا آپ اندازہ لگا سکتے ہیں’۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مغل روڈ پر تعمیر کی جانی والی ایک ٹنل نہ صرف ایک متبادل راستے کے طور پر ابھرے گی بلکہ ایک ہمہ موسمی لنک بھی بن جائے گی جس سے لوگوں کا رابطہ اور سامان کی نقل و حمل اور دیگر خدمات آسان ہوں گی۔
محبوبہ مفتی کا مکتوب میں کہنا ہے، ‘مجھے سال 2017 میں میٹنگ کے دوران آپ کا مثبت جواب یاد ہے میں آج آپ کو اس امید کے ساتھ لکھ رہی ہوں کہ آپ اس معاملے کی طرف اپنی توجہ مبذول کریں گے اور بغیر کسی تاخیر کے اس پروجیکٹ پر کام شروع کریں گے’۔