عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے جموں و کشمیر کے مختلف سیاسی اور سماجی رہنماؤں کو خطوط ارسال کرتے ہوئے اُن سے اپیل کی ہے کہ وہ اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ایک مشترکہ اور منظم کوشش کے تحت وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے رابطہ قائم کریں۔
محبوبہ مفتی نے اپنے خط میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، بی جے پی کے قائدِ حزبِ اختلاف سنیل شرما، جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق حمید قرا، سی پی آئی (ایم) کے رہنما محمد یوسف تاریگامی، پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجاد غنی لون، رکن پارلیمان انجینئر رشید، عام آدمی پارٹی کے صدر معراج ملک، پی ڈی ایف کے چیئرمین حکیم محمد یاسین، جموں و کشمیر نیشنل پینتھرس پارٹی کے صدر ہرش دیو سنگھ، شیو سینا (جموں و کشمیر یونٹ) کے صدر منیش ساہنی، کشمیری پنڈت سنگھرش سمیتی کے صدر سنجے ٹکو اور گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے چیئرمین جسپال سنگھ سے رابطہ کیا ہے۔
اپنے خط میں محبوبہ مفتی نے ایک متحدہ سیاسی اقدام کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے عوام کی خواہشات، خدشات اور مسائل کو قومی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے تمام سیاسی و سماجی حلقوں کی مشترکہ آواز ناگزیر ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جموں و کشمیر سے متعلق بامعنی مذاکرات کی بحالی کے لیے تمام فریقین کو متحد ہو کر مرکزی قیادت کے سامنے اپنا مؤقف پیش کرنا چاہیے تاکہ خطے کے عوام کے مسائل اور مطالبات کو مؤثر انداز میں اٹھایا جا سکے۔
محبوبہ مفتی کا عمر عبداللہ، سجاد لون، انجینئر رشید سمیت کئی رہنماؤں کو خط، بامعنی مذاکرات کی بحالی کے لیے متحد ہونے کی اپیل