سرینگر// منشیات کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے سرینگر کے پانتھ چوک علاقے میں تلاشی کے دوران ایک رہائشی مکان سے کوڈین فاسفیٹ کی 290 بوتلیں برآمد کی ہیں۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس سٹیشن پانتھ چوک کی ایک پارٹی نے عرفان احمد گنائی ولد منظور احمد گنائی ساکن اتھہ واجن کے رہائشی مکان کی تلاشی لی۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی تحصیلدار پانتھ چوک (ایک گزیٹیڈ آفیسر) کی موجودگی میں لی گئی اور اس دوران کوڈین فاسفیٹ کی 290 بوتلیں برآمد کی گئیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اس ضمن میں پولیس سٹیشن پانتھہ چوک میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر پولیس منشیات کی سمگلنگ کو روکنے اور کمیونٹی کی حفاظت اور بہبود کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
سرینگر میں کوڈین فاسفیٹ کی 290 بوتلیں برآمد: پولیس
