سرینگر// سرینگر پولیس نے جعلی سونے کے زیورات فروخت کرنے کے الزام میں ایک سنار کو گرفتار کر کے بڑی دھوکہ دہی کو بے نقاب کیا ہے۔
پولیس ترجمان نے ایک بیان میں کہا، “09 جنوری 2025 کو پولیس سٹیشن نوہٹہ میں نثار احمد بھٹ نامی شخص کی جانب سے تحریری شکایت درج کی گئی، جو بنڈو کوکرناگ کا رہائشی ہے اور اس وقت سری نگر کے علاقے لال منڈی میں بطور سٹور کیپر کام کر رہا ہے۔ شکایت کنندہ نے بتایا کہ اس نے مہراج دین قاضی، مالک ایم/ایس سولیہ آرنامنٹس، بجبہارہ سے سونے کے زیورات خریدے جو جانچ کے دوران جعلی ثابت ہوئے”۔
اس شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس سٹیشن نوہٹہ میں ایف آئی آر (نمبر 02/2025) درج کی گئی۔ تفتیشی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم دکان دار مہراجج دین قاضی ولد غلام محمد قاضی، ساکن بجبہارہ کو گرفتار کر کے جعلی زیورات ضبط کر لیے۔
تفتیش کے دوران ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ جعلی ہال مارک کے ساتھ زیورات فروخت کرتا تھا اور انہیں سری نگر کے مختلف مقامات بشمول نوہٹہ پہنچاتا تھا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ضبط شدہ زیورات کی لیبارٹری ٹیسٹ سے تصدیق ہوئی کہ وہ جعلی ہیں۔ تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس دھوکہ دہی کے مزید روابط کا پتہ لگایا جا سکے۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ محتاط رہیں اور سستے داموں زیورات پیش کرنے والے افراد کے جھانسے میں نہ آئیں۔