کشتواڑ: غیرحاضری کی پاداش میں5 اساتذہ معطل

File Photo

عاصف بٹ

کشتواڑ// ضلع انتظامیہ کشتواڑ نے ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے 2 سکولوں کے 5سرکاری اساتذہ کو معطل کرکے ان کے خلاف محکمانہ کاروائی کے احکامات جاری کیے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کشتواڑ ڈاکٹر دیونش یادو کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق،ڈی ڈی سی ممبر ناگسینی نے ہیلو کشتواڑ کے ذریعے بتایا کہ گورنمٹ مڈل سکول کھلسن بھاٹہ دوسرے روز بھی بند پایاگیا ہے، جس کے بعد تحصیلدار ناگسینی سے معاملے کی رپورٹ طلب کی گئی۔
تحصلیدار ناگسینی کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ میں بھی بتایاگیا ہے کہ چھان بین کے دوران سکول میں صفائی کرنے والے کے علاوہ کوئی بھی ملازم ڈیوٹی پر حاضر نہیں پایاگیا ہے۔
حکم نامہ کے مطابق،شکایات اور تحصیلدار کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد متعلقہ سکول میں تعینات دو اساتذہ بھارت بھوشن و سنجے کمار کو معطل کردیا گیا ہے اور انھیں اے ڈی ڈی سی دفتر میں منسلک کیا جاتاہے۔وہیں معطل اساتذہ کے خلاف محکمانہ کاروائی کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔
اسی دوران تعلیمی زون اندروال میں قائم ہائی سکول گورینال میں تعینات 3 اساتذہ کو معطل کیاگیا ہے۔
ڈی سی دفتر سے جاری ایک حکم نامہ کے مطابق، بی ڈی او اندروال نے سکول کا معائنہ کیا جس دوران سکول میں تعینات تین اساتذہ شوکت علی، رضوانہ بانو وانی و جبینہ بانو میرڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے، جس کے بعد اُنہیں معطل کر کے اے ڈی ڈی سی دفتر میں منسلک کر دیا گیا ہے اور جانچ کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔
حکم نامہ کے مطابق، جانچ کو کمیٹی کو 15 دن کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔