عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر حکومت نے جمعرات کو کہا کہ مرکزی علاقہ (یو ٹی) میں 2023-24کے دوران 15سال اور اس سے زیادہ عمر کے افرادکے لیے بے روزگاری کی شرح 6.1 فیصدرہی، جیسا کہ وزارت شماریات اور پروگرام عمل درآمد (MoSPI) کے اعداد و شمار میں ظاہر کیا گیا ہے۔
ایم ایل اے تنویر صادق کے ایک سوال کے جواب میں حکومت نے مزید بتایا کہ3,70,811 بے روزگار نوجوانوںنے جنوری 2025کے آخر تک رضاکارانہ طور پر روزگار پورٹل پر رجسٹریشن کرائی ہے۔
متعلقہ وزیر نے کہا کہ حکومت نے مُمکِن، تیجسونی، مشن یوتھ، پی ایم ای جی پی (PMEGP)، اور آر ای جی پی (REGP)جیسے پروگراموں کے تحت متعدد خود روزگار اسکیمیںمتعارف کرائی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ2021 سے اب تک تقریباً 9.58 لاکھ خود روزگار کے مواقع پیدا کیے گئے ہیںجبکہ مالی سال 2024-25 میں 1.36 لاکھ مواقع پیدا کیے گئے ہیں۔ وزیر نے بتایا کہ ایم جی نریگا پروگرام کے تحت، حکومت نے 3.01 کروڑ یومیہ روزگار فراہم کیا ہے، جس سے 8.07 لاکھ گھرانے مستفید ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو کاروبار اور مہارتوں کے فروغ کی طرف راغب کرنے کے لیے، حکومت نےمشن یووا(Mission YUVA) کا آغاز کیا ہے۔اس بڑے منصوبے کا مقصد 1.35 لاکھ کاروباری یونٹس قائم کرنااور جموں و کشمیر میں 4.5 لاکھ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا ہے۔
انھوں نے مزید کہا محکمہ نوجوانوں کی خود روزگار صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے خصوصی تربیتی پروگرام بھی چلا رہا ہے۔ اس کے علاوہ، باقاعدہ جاب فیئرز (Job Fairs) منعقد کیے جا رہے ہیں تاکہ ملازمت کے متلاشی افراد اور آجروں کے درمیان خلا کو پُر کیا جا سکے اور نجی شعبے میں روزگار کے مواقع کو فروغ دیا جا سکے۔
جموں و کشمیر میں بے روزگاری کی شرح 6.1 فیصد: حکومت
