عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کے محکمہ جل شکتی نے مبینہ طور پر ملی ٹینسی سے وابستگی اور ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں اپنے تین ملازمین کو فوری طور پر ملازمت سے برطرف کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
علیحدہ علیحدہ احکامات کے مطابق کوثر حسین بھاگوان (این بی سی ایل) اور لیاقت علی بھگوان (این بی سی ایل) جو ایف آئی آر نمبر 230/2019 میں یو اے پی اے کی دفعات 13، 18، 19، 38 اور 39 کے تحت نامزد ہیں، جبکہ شوکت احمد زرگر (ڈی آر ڈبلیو) ایف آئی آر نمبر 53/2019 میں دفعہ 307 آر پی سی، 7/27 آرمز ایکٹ اور یو اے پی اے کی دفعات 16 اور 18 کے تحت درج مقدمہ میں ملوث پائے گئے ہیں، کو ان کی خدمات سے فارغ کر دیا گیا ہے۔
حکمناموں میں کہا گیا ہے کہ تحقیقات کے دوران ان افراد کے ملی ٹینسی، ملی ٹینٹ کارروائیوں، ملی ٹینسیسازشوں، ملی ٹینٹوں کو پناہ دینے اور کسی ملی ٹینٹ تنظیم کی رکنیت یا حمایت سے مبینہ روابط سامنے آنے کے بعد یہ کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔حکومت کے مطابق یہ فیصلہ ’’انتظامیہ کے مفاد‘‘میں لیا گیا ہے۔
کوثر حسین بھاگوان بطور نیڈ بیسڈ کیجوللیبرر پی ایچ ای سب ڈویژن ہولر، ضلع کشتواڑ میں تعینات تھا جبکہ لیاقت علی بھاگوان بھی نیڈ بیسڈ کیجوللیبرر کے طور پر بروار، کشتواڑ میں خدمات انجام دے رہا تھا۔ شوکت احمد زرگر ڈیلی ریٹیڈ ویجر (ڈی آر ڈبلیو) کے طور پر پی ایچ ای دفتر بیجبہاڑہ، ضلع اننت ناگ میں تعینات تھا۔
جموں و کشمیر حکومت نے ملی ٹینسی سے مبینہ روابط کے الزام میں محکمہ جل شکتی کے تین ملازمین کو برطرف کر دیا