محمد تسکین
بانہال/خراب موسمی حالات کے باعث جموں-سری نگر قومی شاہراہ کی مسلسل بندش کے پیش نظر ریلوے حکام نے مسافروں کی سہولت کیلئے بانہال اور کٹرا کے درمیان خصوصی ٹرین سروس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
جموں ریلوے ڈویژن کے مطابق یہ خصوصی ٹرینیں 9 اور 10 اپریل کو چلائی جائیں گی تاکہ شاہراہ کی بندش کے باعث پھنسے ہوئے مسافروں کو راحت فراہم کی جا سکے۔ حکام نے بتایا کہ ایک خصوصی ٹرین دوپہر 2 بجے بانہال سے کٹرا کیلئے روانہ ہوگی، جبکہ دوسری ٹرین صبح 10:10 بجے کٹرا سے بانہال کیلئے چلے گی۔ریلوے حکام کے مطابق یہ ٹرینیں صرف ریاسی اور سنگلدان اسٹیشنوں پر محدود وقت کیلئے توقف کریں گی، تاکہ سفر کو تیز اور مؤثر بنایا جا سکے۔
مسافروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پیشگی آن لائن ٹکٹ بک کریں۔ اس مقصد کیلئے ٹرین نمبر 04689 (کٹرا تا بانہال) اور 04690 (بانہال تا کٹرا) مختص کیے گئے ہیں۔حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر قومی شاہراہ پر غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور حتیٰ الامکان ریل خدمات کو ترجیح دیں تاکہ سفر محفوظ اور آسان بنایا جا سکے۔
جموں سرینگر شاہراہ بندش: بانہال-کٹرا کے درمیان خصوصی ٹرین سروس آج سے شروع