عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/میر واعظ کشمیرمولوی عمر فاروق نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے حالیہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مشرقِ وسطیٰ میں بڑے پیمانے پر عدم استحکام کا پیش خیمہ قرار دیا ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں میرواعظ نے کہا کہ اسرائیل کی مسلسل جارحیت، خصوصاً فلسطینی عوام کے خلاف کارروائیوں پر عالمی برادری کی خاموشی، اسے ایسے خطرناک اقدامات کی مزید ہمت دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر احتساب کے فقدان نے اسرائیل کو اس پوزیشن میں لا کھڑا کیا ہے کہ وہ بنا کسی خوف کے خطے میں کشیدگی کو بڑھانے والے اقدامات کر رہا ہے۔ میرواعظ نے انتباہ دیا کہ ایران پر حملہ مشرقِ وسطیٰ کو نہایت نازک مرحلے میں دھکیل رہا ہے، جہاں کسی بھی بڑے تصادم کے بھڑکنے کا امکان بڑھ گیا ہے۔
میرواعظ عمر فاروق نے زور دے کر کہا کہ امریکہ کی کھلی حمایت نے اسرائیلی قیادت کو مزید بے لگام کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں خطے میں وسیع تر جنگ، جانی نقصان اور عالمی امن و سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری، انسانی حقوق کے اداروں اور اقوامِ متحدہ سے اپیل کی کہ وہ اس صورتحال کو سنجیدگی سے لے کر تنازع کو روکنے اور مستقل امن کے قیام کے لیے فوری اقدامات کریں۔میرواعظ نے اس بات پر افسوس ظاہر کیا کہ فلسطینیوں کے خلاف جاری مظالم پر عالمی ضمیر کی خاموشی نہ صرف انسانی المیے کو گہرا کر رہی ہے بلکہ اب اس کے اثرات پورے خطے کو لپیٹ میں لے رہے ہیں۔