عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/اقوام متحدہ کے ماہرِ معاشیات کرسٹوفر گورووے کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر جاری غیر یقینی حالات کے باوجود ہندوستان اپنی مضبوط داخلی طلب کے سہارے آنے والے وقت میں بھی دنیا کی تیزی سے ترقی کرنے والی بڑی معیشت بنا رہے گا۔ہندوستان میں اقوام متحدہ کے دفتر سے وابستہ سینئر ماہرِ معاشیات کرسٹوفر گورووے نے جمعرات کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ہندوستان کی معیشت دنیا کے کئی دیگر ممالک کے مقابلے میں زیادہ کھلی ہوئی نہیں ہے، جس کی وجہ سے یہ بیرونی عوامل سے نسبتاً کم متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ ہندوستان نے ماضی میں بھی عالمی چیلنجز کا مضبوطی سے سامنا کیا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔ موجودہ حالات میں ہندوستان ایک “فائدہ مند پوزیشن” میں ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے جمعرات کو جاری کی گئی رپورٹ ’ورلڈ اکنامک سچویشن اینڈ پروسپیکٹس‘ میں مالی سال 2025-26 کے لیے ہندوستان کی شرحِ نمو 7.4 فیصد رہنے کا اندازہ ظاہر کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس کے بعد کے دو برسوں میں ہندوستان کے مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) میں بالترتیب 6.6 فیصد اور 6.7 فیصد اضافہ متوقع ہے۔گورووے نے کہا کہ ہندوستان میں گھریلو کھپت بلند سطح پر برقرار ہے، سرکاری سرمایہ کاری مضبوط ہے اور شرحِ سود نسبتاً کم ہے، جو معاشی ترقی کو رفتار دے رہی ہے۔ تاہم انہوں نے امریکہ کی جانب سے ہندوستانی اشیاء پر عائد بلند درآمدی محصولات اور عالمی غیر یقینی صورتحال کو ممکنہ دباؤ کے عوامل قرار دیا۔
ملکی چیلنجز پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا کے کئی دوسرے ممالک کی طرح ہندوستان بھی بلند سرکاری قرض کے مسئلے سے دوچار ہے۔ ملک کی آمدنی کا ایک بڑا حصہ قرضوں کے سود کی ادائیگی پر خرچ ہو جاتا ہے، جبکہ بے روزگاری بھی ایک اہم مسئلہ ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں ہندوستان پر قرض کا دباؤ نسبتاً کم ہے، جب کہ کئی ممالک کو اسی وجہ سے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے مدد لینی پڑی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال میں ہندوستان کا قرض بمقابلہ جی ڈی پی تناسب 57 فیصد سے زیادہ تھا، جسے رواں مالی سال میں 56.1 فیصد تک محدود رکھنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ مالی سال 2018-19 میں یہ تناسب کم ہو کر 48.9 فیصد رہ گیا تھا، تاہم کووڈ-19 وبا کے بعد یہ بڑھ کر 61.4 فیصد تک پہنچ گیا۔
داخلی طلب کے باعث عالمی غیر یقینی صورتحال سے نکلنے میں کامیاب رہے گا ہندوستان: اقوام متحدہ