عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/وزیرِ اعظم مودی نے جمعرات کو کہا کہ ”آپریشن سندور“ملی ٹینسی کے خلاف بھارت کے مضبوط اور دوٹوک مؤقف کی عکاسی کرتا ہے اور یہ ملک کی قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کا مظہر ہے۔
آپریشن کی پہلی برسی کے موقع پر وزیرِ اعظم مودی نے مسلح افواج کی بے مثال جرأت، مہارت اور عزم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
سماجی رابطہ گاہ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیرِ اعظم نے کہاایک سال قبل ہماری مسلح افواج نے آپریشن سندور کے دوران بے مثال بہادری، درست حکمتِ عملی اور پختہ عزم کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے پہلگام میں معصوم بھارتی شہریوں پر حملہ کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دیا۔ پوری قوم اپنی افواج کی بہادری کو سلام پیش کرتی ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ اس آپریشن نے بھارتی افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، تیاری اور باہمی اشتراکِ عمل کو نمایاں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کارروائی نے تینوں افواج کے درمیان بڑھتے ہوئے تال میل اور دفاعی شعبے میں خود انحصاری کی پالیسی کے فوائد کو بھی اجاگر کیا۔
مودی نے زور دے کر کہا کہ بھارت ملی ٹینسی اور اس کی پشت پناہی کرنے والے نیٹ ورک کے خاتمے کے اپنے عزم پر آج بھی قائم ہے۔
انہوں نے کہا آج ایک سال بعد بھی ہم ملی ٹینسی اور اس کے معاون نظام کو ختم کرنے کے اپنے عزم پر پوری طرح ثابت قدم ہیں۔
آپریشن سندور برسی : ملی ٹینسی کے خلاف بھارت کا مؤقف آج بھی مضبوط: مودی