عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے بدھ کے روز مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی طیارہ حادثے میں موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک نے اپنے عظیم فرزندوں میں سے ایک کو کھو دیا ہے۔فاروق عبداللہ نے یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا،پوار کی موت کی خبر دل دہلا دینے والی ہے۔ وہ مہاراشٹر کے ایک عظیم سپوت تھے جنہوں نے ریاست کی تقدیر بدلنے کی مخلصانہ کوشش کی۔ طیارہ حادثے میں ان کا انتقال مجھے بے حد غمگین کر گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم سیاستدان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا اورآج بھارت نے اپنے عظیم فرزندوں میں سے ایک کو کھو دیا ہے۔فاروق عبداللہ نے کہا،اللہ کی مرضی کے آگے کسی کا زور نہیں چلتا۔ وہ انتخابی تیاریوں کے سلسلے میں پونے جا رہے تھے، مگر قسمت نے ساتھ نہیں دیا۔ ان کی موت نہ صرف پوار خاندان بلکہ پوری قوم کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔سابق وزیر اعلیٰ جموں و کشمیر نے شرد پوار اور خاندان کے دیگر افراد سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی روح کو سکون اور اہل خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی طاقت عطا کرنے کی دعا کی۔
اجیت پوار کی طیارہ حادثے میں موت پر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا اظہارِ رنج