عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/وزیر سکینہ ایتو نے بدھ کے روز جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں بی جے پی ارکان کے طرزِ عمل پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایوان میں جس نوعیت کی بدنظمی اور بدتمیزی دیکھنے کو ملی ہے، وہ اُن کے 20 سالہ سیاسی کیریئر میں کبھی دیکھنے میں نہیں آئی۔اسمبلی کمپلیکس جموں کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سکینہ ایتو نے کہا، ’’میں نے اپنے 20 سالہ دورِ رکنیت میں آج جیسی بدتمیزی کبھی نہیں دیکھی۔ بی جے پی ارکان مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں۔ میرے لیے یہ بالکل نیا تجربہ ہے۔
حالیہ کارروائی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری اظہارِ خیال کر رہے تھے کہ اس دوران بی جے پی ارکان نے قابلِ اعتراض ریمارکس دیے۔ انہوں نے سوال اٹھایا، اپنے آپ کو دیکھا ہے؟ کیا یہ بات کرنے کا طریقہ ہے؟ جس انداز میں وہ گفتگو کر رہے تھے، وہ مناسب نہیں تھا۔وزیر موصوفہ نے مزید کہا کہ تین دن بعد وزیر اعلیٰ بجٹ پر بحث کا جواب دے رہے تھے، لیکن اپوزیشن ارکان نے شور شرابہ کیا اور بدتمیزی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ کارروائی سے قبل بی جے پی ارکان کو ایوان میں اپنے رویے پر معافی مانگنی چاہیے۔
ایوان میں بھاجپا اراکین کا رویہ غیر مہذب ،بیس سالہ سیاسی کیریئر میں ایسی بدتمیزی نہیں دیکھی: سکینہ ایتو