عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی جانب سے جموں و کشمیر کو دوبارہ ریاستی درجہ دینے کا وعدہ جلد پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے فلور پر کیا گیا وعدہ ضرور نبھایا جائے گا۔
یومِ جمہوریہ کے موقع پر سرینگر میں بالیدان استمبھ پر خراجِ عقیدت پیش کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے چودھری نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام کو ملک کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے۔
انہوں نے کہا، “وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نے پارلیمنٹ کے فلور پر جموں و کشمیر کے عوام سے ریاستی درجہ بحال کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے بھی اس یقین دہانی کو دہرایا ہے۔ ہمیں پورا یقین ہے کہ یہ وعدہ جلد پورا ہوگا۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام نے ہمیشہ بھارتی فوج اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہو کر مشکل ترین حالات کا سامنا کیا ہے۔
انہوں نے کہا، “چاہے عسکریت پسندی کا دور ہو یا جنگی حالات، جموں و کشمیر کے عوام ہمیشہ ہماری سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔ جب بھی پاکستان نے ہمیں عدم استحکام کا شکار بنانے یا بھارت کو کمزور کرنے کی کوشش کی، یہاں کے عوام نے ترنگے کے لیے قربانیاں دیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارہ اس خطے کی سب سے بڑی طاقت ہے۔
چودھری نے کہا، “ہندو، مسلم، سکھ اور عیسائیوں کے درمیان اتحاد ہمیشہ مضبوط رہا ہے اور آئندہ بھی رہے گا۔ کوئی بھی طاقت جموں و کشمیر کے بھائی چارے کو توڑ نہیں سکتی ـ
ریاستی درجہ جلد بحال ہونے کی امید، وعدہ ضرور پورا ہوگا: نائب وزیر اعلیٰ