عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/ وادیٔ کشمیر میں ایک بار پھر طاقتور مغربی ہواوں کا سلسلہ سرگرم ہو چکا ہے، جس کے نتیجے میں 26 جنوری کی رات سے 27 جنوری کی شام تک بھاری برف باری اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ جمعرات کی صبح سے ہی وادی کے مختلف حصوں میں موسم کی شدت میں بتدریج اضافہ محسوس کیا گیا ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق ایک اچھا خاصا برفانی سلسلہ وادی پر اثر انداز ہونے والا ہے، جس کی زیادہ شدت 27 جنوری کو متوقع ہے۔
ماہر موسمیات کے مطابق اس سسٹم کے دوران میدانی علاقوں میں بھی برف گرنے کا امکان ہے جبکہ بالائی علاقوں میں درمیانی درجے سے بھاری برف باری کے علاوہ کہیں کہیں گرج چمک اور تیز آندھی چلنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ– 26 اور 27 جنوری کو وادی کے بیشتر علاقوں میں معتدل سے بھاری برف باری اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، خاص طور پر 26 کی رات سے 27 کی شام تک موسم میں بڑی تبدیلی متوقع ہے۔
– 28 تا 31 جنوری موسم جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ
– یکم تا 3 فروری بھی مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہوسکتا ہے۔
ادھر محکمہ نے وادی کے لیے ایک خصوصی ایڈوائزری بھی جاری کی ہے۔اس میں کہا گیا ہے کہ مسافروں اور ٹرانسپورٹروں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ سفر سے قبل ٹریفک پولیس سے ہائی وے کی تازہ صورتحال ضرور حاصل کریں کیونکہ بھاری برف باری کی وجہ سے جموں۔سری نگر قومی شاہراہ پر رکاوٹیں پیش آ سکتی ہیں۔
بالائی برفانی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ڈھلوانوں اور برفانی تودے گرنے والے مقامات کے قریب جانے سے گریز کریں۔
زمینداروں اور باغبانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ 28 جنوری تک تمام زرعی سرگرمیاں معطل رکھیں۔
کشمیر میں 26 تا 27 جنوری بھاری برف باری کا قوی امکان