عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/شمالی کشمیر کے کپوارہ میں واقع خوبصورت سیاحتی مقام کیرن میں گزشتہ چند سالوں کے دوران سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، تاہم جموں و کشمیر حکومت نے کہا کہ اس مقام کے لیے مخصوص ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے قیام کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔
ایم ایل اے میر سیف اللہ کے سوال کے جواب میں حکومت نے علاقے میں بڑھتی ہوئی سیاحتی آمد کا اعتراف کیا اور کہا کہ کیپکس بجٹ 2024-25 کے تحت 93.91 لاکھ روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں تاکہ اسے ایک منفرد سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دیا جا سکے۔
حکومت کے مطابق، ان منصوبوں میں پناہ گاہوں، گزِبوز، عوامی سہولیات، سائن بورڈز، بینچز، روشنی کے انتظامات، سیلفی پوائنٹس، ہائیکنگ ٹریلز اور بچوں کے لیے تفریحی زون کی تعمیر شامل ہے۔ مزید برآں، قیام و طعام کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے کیرن میں ایک دو کمروں پر مشتمل ہٹس بھی تعمیر کی جا رہی ہے۔
سیاحتی مقام کیرن کیلئے مخصوص ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے قیام کی کوئی تجویز نہیں : حکومت
