عظمیٰ ویب ڈیسک
کشتواڑ/جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے بالائی علاقوں میں جمعرات کو سکیورٹی فورسز اور چھپے بیٹھے ملی ٹینٹوں کے درمیان ایک بار پھر تازہ انکاؤنٹر شروع ہو گیا۔
یہ آپریشن اتوار کے روز چھاترو بیلٹ کے سنگھ پورہ کے قریب سونار گاؤں میں شروع ہوا، جس دوران فائرنگ میں ایک پیرا ٹروپر ہلاک جبکہ سات دیگر فوجی اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔
حکام کے مطابق آج صبح سنگھ پورہ کے گھنے جنگلات میں چھپے ملی ٹینٹوں کے ساتھ دوبارہ رابطہ قائم ہوا، جس کے بعد دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔ آخری اطلاعات تک فائرنگ جاری تھی اور علاقے میں سرگرم ملی ٹینٹوں کو ختم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پیر کے روز انکاؤنٹر کی جگہ کے قریب ملی ٹینٹوں کا ایک بڑا ٹھکانہ بھی برآمد کیا گیا تھا، جبکہ کئی افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دو سے تین ملی ٹینٹوں کا ایک گروپ، جو مبینہ طور پر پاکستان میں قائم تنظیم جیشِ محمد سے وابستہ ہے، اس انکاؤنٹر میں پھنسے ہونے کا امکان ہے۔
کشتواڑ میں تازہ انکاؤنٹر، ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے مابین گولہ باری کا تبادلہ