عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات میں کامیابی حاصل کرنے والے تمام طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیم ہی سماجی ترقی، ہم آہنگی اور ایک روشن مستقبل کی حقیقی ضمانت ہے۔ایک بیان میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ طلبہ کی یہ کامیابی ان کی محنت، لگن اور اساتذہ و والدین کی مسلسل رہنمائی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کامیاب ہونے والے نوجوان مستقبل میں تعلیم، سائنس، تحقیق اور سماجی خدمت جیسے میدانوں میں نمایاں کارکردگی دکھا کر ریاست اور ملک کا نام روشن کریں گے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ان طلبہ کی بھی حوصلہ افزائی کی جو اس بار کامیابی حاصل نہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ ناکامی کو مایوسی نہیں بلکہ ایک سبق کے طور پر اپنانا چاہیے۔ ’نئی محنت، مضبوط عزم اور حوصلے کے ساتھ آگے بڑھیں، کامیابی جلد یا بدیر ان کے قدم ضرور چومے گی۔‘نیشنل کانفرنس کے صدر نے اساتذہ اور والدین کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کی تربیت اور شخصیت سازی میں ان کا کردار نہایت اہم اور قابلِ قدر ہے۔
تعلیمی شعبے میں نیشنل کانفرنس کے تاریخی کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کہنا تھا کہ جماعت نے ہمیشہ تعلیم کو سماجی و معاشی ترقی کی بنیاد سمجھا ہے۔انہوں نے بتایا کہ نیشنل کانفرنس کے دور حکومت میں سرکاری اسکولوں اور کالجوں کا وسیع نیٹ ورک قائم کیا گیا، دور افتادہ اور دیہی علاقوں میں تعلیمی اداروں کی رسائی ممکن بنائی گئی اور تعلیم کو عام انسان کی دسترس میں لانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے گئے۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ کشمیر میں ایک وقت تھا جب خصوصاً مسلمانوں میں خواندگی نہ ہونے کے برابر تھی، لیکن شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ نے قوم کو تعلیم کی طرف راغب کیا، مفت تعلیم کو عام کیا اور مضبوط تعلیمی نظام کی بنیاد رکھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل کانفرنس کی حکومتوں نے اعلیٰ تعلیم، پیشہ ورانہ کورسز اور تکنیکی اداروں کے قیام پر خصوصی توجہ دی، جس سے نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم کے بہتر مواقع میسر آئے۔ اساتذہ کی تربیت، تعلیمی ڈھانچے کی بہتری، اسکالرشپس اور مالی معاونت جیسے اقدامات کے ذریعے تعلیمی معیار کو بلند کیا گیا۔
تعلیم ہی سماجی ترقی، ہم آہنگی اور روشن مستقبل کی ضامن: ڈاکٹر فاروق عبداللہ