سرینگر// سرینگر کے جواہر نگر علاقے میں منگل کے روز ایک سرکاری رہائشی کوارٹر میں آگ لگنے کے واقعے میں ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) زخمی ہو گئے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) کے ڈی ایس پی ہلال احمد اس وقت زخمی ہوگئے جب ان کی سرکاری رہائش گاہ آگ کی لپیٹ میں آ گئی۔
ذرائع کے مطابق زخمی افسر کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔
فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور آگ پر قابو پا لیا۔
مقامی رہائشیوں نے بھی آگ بجھانے کی کوششوں میں حصہ لیا۔
آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں بجلی کے شارٹ سرکٹ کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم حکام نے واقعے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تفصیلی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
جواہر نگر آتشزدگی میں ڈی ایس پی زخمی، سرکاری کوارٹر کو نقصان
