عظمیٰ ویب ڈیسک
رام بن/منشیات کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے رام بن پولیس نے منگل کے روز جموں-سرینگر قومی شاہراہ پر چندرکوٹ علاقے میں واقع ایک سڑک کنارے ڈھابے کو مبینہ طور پر منشیات فروشی میں ملوث ہونے کے الزام میں مسمار کر دیا۔
حکام کے مطابق مذکورہ ہوٹل، جو مقامی سطح پر”مکھن ڈھابہ“ کے نام سے مشہور تھا، پر الزام تھا کہ وہ مقامی افراد کے علاوہ شاہراہ پر سفر کرنے والے مسافروں اور ڈرائیوروں کو بھی ممنوعہ اشیاء فراہم کرتا تھا۔ پولیس کو اس ڈھابے کے غیر قانونی منشیات کے کاروبار میں ملوث ہونے سے متعلق مخصوص اطلاعات موصول ہوئی تھیں، جس کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی۔
یہ ڈھابہ نکھن سنگھ ولد ہربھجن سنگھ کی ملکیت تھا، جو اصل میں پنجاب کے رہائشی ہیں اور گزشتہ چار دہائیوں سے چندرکوٹ میں مقیم تھے۔
مسماری کی کارروائی سینئر افسران کی نگرانی میں انجام دی گئی۔ اس موقع پر ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر رام بن وقار یونس بٹ اور تحصیلدار/ایگزیکٹو مجسٹریٹ رام
بن دیپ کمار نے زمینی سطح پر آپریشن کی قیادت کی۔
اس کارروائی میں نائب تحصیلدار فاروق مرزا، ایس ایچ او چندرکوٹ آر۔ راکوال اور رضاکار تنظیم ہمدرد کے ارکان بھی شامل تھے۔
منشیات مخلف کریک ڈاؤن جاری، پولیس نے رام بن میں قومی شاہراہ پر واقعہ ڈھابہ مسمار کردیا