جاوید اقبال
مینڈھر// سب ڈویژن مینڈھر میں منگل کے روز کابینہ وزیر جاوید احمد رانا نے اہم ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرتے ہوئے دو عمارتوں کا افتتاح کیا اور بھٹیدار تا سلوہ سڑک پر ایک پل کا سنگِ بنیاد بھی رکھا۔
اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمیشنر پونچھ اور مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ وزیر موصوف نے مجموعی طور پر 4 کروڑ روپے سے زائد لاگت کے منصوبوں کا افتتاح کیا۔
تفصیلات کے مطابق جاوید احمد رانا نے مینڈھر قصبہ میں جدید سہولیات سے آراستہ گرلز ہاسٹل کا افتتاح کیا، جو بالخصوص دور دراز علاقوں سے آنے والی طالبات کے لیے ایک بڑی سہولت ثابت ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے فوڈ اینڈ سپلائی اسٹور بھی عوام کے نام کیا گیا، جس سے مقامی افراد کو راشن اور دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی میں آسانی ہوگی۔
مزید برآں بھٹیدار تا سلوہ سڑک پر ایک اہم پل کا سنگِ بنیاد رکھا گیا، جس سے ہزاروں افراد کو آمد و رفت میں سہولت حاصل ہوگی۔
اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے اور تعلیم و فلاحی منصوبوں کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرلز ہاسٹل کے قیام سے طالبات کو محفوظ اور بہتر تعلیمی ماحول میسر آئے گا جبکہ فوڈ سپلائی اسٹور عوامی راحت کا باعث بنے گا۔
مقامی لوگوں نے ان منصوبوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے علاقے میں ترقی کو فروغ ملے گا اور عوامی مسائل میں نمایاں کمی آئے گی۔
مینڈھر میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح، گرلز ہاسٹل اور فوڈ اسٹور عوام کے نام