عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کے وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ، جو محکمۂ خزانہ کا قلمدان بھی سنبھالے ہوئے ہیں، بجٹ 2026-27 کی تیاری کے سلسلے میں قبل از بجٹ مشق کے تحت اراکینِ قانون ساز اسمبلی سے مشاورت کریں گے تاکہ ان کی تجاویز اور آرا حاصل کی جا سکیں۔
طے شدہ شیڈول کے مطابق وزیرِ اعلیٰ 23 اور 24 جنوری کو شمالی کشمیر، جنوبی کشمیر اور وسطی کشمیر کی نمائندگی کرنے والے ایم ایل ایز کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔
میٹنگ نوٹس کے مطابق وزیرِ اعلیٰ کل سول سیکریٹریٹ میں سرینگر، گاندربل اور بڈگام اضلاع سے تعلق رکھنے والے ایم ایل ایز کے ساتھ دوپہر 3 بجے سے شام 6 بجے تک اجلاس کی صدارت کریں گے۔
24 جنوری کو وزیرِ اعلیٰ پہلے اننت ناگ، کولگام، شوپیاں اور پلوامہ اضلاع کے ایم ایل ایز سے صبح 10 بجے سے دوپہر 1 بجے تک ملاقات کریں گے۔ بعد ازاں اسی دن بارہمولہ، کپواڑہ اور بانڈی پورہ اضلاع کے ایم ایل ایز کے ساتھ دوپہر 2 بجے سے شام 5 بجے تک مشاورتی اجلاس منعقد کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیرِ اعلیٰ آئندہ ہفتے جموں خطے کے ایم ایل ایز کے ساتھ بھی اسی نوعیت کی ملاقاتیں کریں گے تاکہ ان کی تجاویز کو بجٹ میں شامل کیا جا سکے ـ
بجٹ اجلاس 2026-27 :وزیرِ اعلیٰ کل سے اراکینِ اسمبلی کے ساتھ مشاورت کریں گے