عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ڈائریکٹوریٹ آف مردم شماری آپریشنز جموں و کشمیر اور لداخ نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ آئندہ مردم شماری 2027 دو مراحل میں منعقد کی جائے گی، جس میں جدید ڈیجیٹل نظام، خود اندراج (سیلف اینومریشن)، موبائل ایپلیکیشنز کے ذریعے ڈیٹا جمع کرنے اور جی آئی ایس میپنگ کا استعمال کیا جائے گا تاکہ درست اور شفاف اعداد و شمار حاصل کیے جا سکیں۔جموں میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف پرنسپل مردم شماری افسر امت شرما نے کہا کہ یہ عمل روایتی طریقہ کار سے ایک بڑی تبدیلی کی نشاندہی کرتا ہے، جہاں مردم شماری کے ہر مرحلے میں ٹیکنالوجی مرکزی کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس عمل کے لیے بڑے پیمانے پر افرادی قوت تعینات کی جائے گی، جس میں ہزاروں سپروائزرز اور شمار کنندگان کو تربیت دی جائے گی۔ان کا کہنا تھا، مردم شماری دو مراحل میں مکمل کی جائے گی اور ایک مضبوط ڈیجیٹل فریم ورک کے تحت انجام دی جائے گی۔ شہریوں کو آن لائن پورٹل کے ذریعے خود اندراج کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی، جس سے عمل مزید مؤثر اور جامع ہوگا۔امت شرما نے بتایا کہ خود اندراج کی سہولت کے ذریعے لوگ اپنی معلومات آن لائن جمع کرا سکیں گے، جس سے فیلڈ عملے کا بوجھ کم ہوگا اور ڈیٹا کی فوری تصدیق ممکن ہو سکے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ گھر شماری اور مردم شماری کے لیے موبائل ایپلیکیشنز استعمال کی جائیں گی، جبکہ سیٹلائٹ امیجری اور جی آئی ایس ٹولز کے ذریعے علاقوں کی درست نقشہ بندی کی جائے گی۔
ان کے مطابق ڈیٹا جمع کرنے سے لے کر محفوظ رکھنے تک ٹیکنالوجی کے استعمال سے شفافیت اور کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔ محفوظ ڈیٹا سینٹرز اس عمل کو سنبھالیں گے، جس سے ڈیٹا کی حفاظت اور رازداری یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اعلیٰ سرکاری عہدیداران اور آئینی شخصیات بھی خود اندراج کے عمل میں حصہ لیں گی تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو اور زیادہ سے زیادہ شرکت کو فروغ ملے۔
انہوں نے کہا کہ مردم شماری پالیسی سازی اور فلاحی اسکیموں کی مؤثر فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گی۔ ’’درست اعداد و شمار ہی مؤثر حکمرانی کی بنیاد ہیں، اور اس عمل کی کامیابی کے لیے عوامی شمولیت بے حد ضروری ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ فیلڈ عملے کی تربیت اور عوامی بیداری مہم جاری ہے، جبکہ مردم شماری کے شیڈول اور آن لائن پورٹل سے متعلق مزید تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔
جموں و کشمیر اور لداخ میں مردم شماری 2027 دو مراحل میں ہوگی، ڈیجیٹل نظام متعارف