عظمیٰ ویب ڈیسک
ادھم پور/ جموں و کشمیر کے ضلع ادھم پور کے رام نگر علاقے میں پیر کے روز ایک مسافر بس سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں اب تک کم از کم 19 افراد جاں بحق جبکہ متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق حادثے کے فوراً بعد پولیس، ریسکیو ٹیموں اور مقامی لوگوں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ڈی آئی جی ادھم پور-ریاسی رینج شیوکماشرما نے بتایا کہ حادثے کی جگہ پر ایک انتہائی خطرناک موڑ ہے۔ ان کے مطابق ڈرائیور ممکنہ طور پر تیز موڑ کاٹتے ہوئے گاڑی پر قابو کھو بیٹھا، جس کے باعث بس پہلے حفاظتی دیوار سے ٹکرائی اور پھر کھائی میں جا گری۔ انہوں نے مزید کہا کہ بس کے اوورلوڈ ہونے یا نہ ہونے کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔
دریں اثنا، وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے تعزیتی پیغام میں حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔ وزیر اعظم نے مہلوکین کے اہل خانہ کے لیے 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے 50 ہزار روپے فی کس امداد کا اعلان بھی کیا۔
مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ حادثے میں متعدد افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوئے جبکہ کئی شدید زخمی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس، ایس ڈی آر ایف اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں ریسکیو کے کام میں مصروف ہیں اور زخمیوں کو فوری علاج کے لیے جی ایم سی ادھم پور منتقل کیا جا رہا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بھی حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی اور متعلقہ محکموں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت دی۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس مشکل گھڑی میں متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔
ادھم پور بس حادثہ: 19 افراد جاں بحق، متعدد زخمی؛ وزیر اعظم کی جانب سے معاوضے کا اعلان