عظمیٰ ویب ڈیسک
بانہال// جموں سرینگر قومی شاہراہ گاڑیوں کی آمد و رفت کیلئے بند کر دی گئی ہے اور سیکورٹی فورسز کی گاڑیوں، خانہ بدوشوں کی نقل و حرکت پر بھی مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔
شاہراہ پر ٹریفک کو بند رکھنے کے بارے میں متعلقہ حکام کی طرف سے کوئی جانکاری یا وجہ نہیں بتائی گئی ہے اور کوشش کے باوجود اس پر کسی بھی افسر نے کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔
ٹریفک حکام کی طرف سے جاری اس حکم کے اطلاق کیلئے نگروٹہ ، اودھم پور اور قاضی گنڈ سے پیر کی شام چھ بجے کے بعد سے وادی کشمیر کے علاوہ جموں اور چناب وادی کے علاقوں کی طرف آنے جانے والے ٹریفک کو روک دیا گیا ہے اور ٹریفک پولیس اور پولیس کے اہلکار اس حکم نامہ پر عملدرآمد کروا رہے ہیں۔
ٹریفک بند رکھنے کے بارے میں ٹریفک اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام نے کوئی وجہ نہیں بتائی ہے۔
ایس ایس پی ٹریفک قومی شاہراہ رام بن روہت بسکوترا نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ منگل یعنی 21 مئی کو شاہراہ پر کسی بھی قسم کے ٹریفک کو جموں سرینگر قومی شاہراہ پر چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پیر کی شام چھ بجے کے مقررہ وقت کے بعد نگروٹہ اور قاضی گنڈ سے کسی بھی طرح کے ٹریفک کو چلنے کی اجازت نہیں ہوگی اور اس سے پہلے چھوڑے گئے ٹریفک کو منزلوں کی طرف نکالا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی میڈیکل ایمرجنسی کی صورت میں چلنے کی اجازت ہو گی۔
ایس ایس پی نے ڈرائی ڈے کی وجوہات کے بارے میں کوئی جانکاری نہیں دی۔ اُنہوں نے لوگوں کو ٹریفک ہیڈکوارٹر کی طرف سے منگل کیلئے جاری ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔