جموں// یوم جمہوریہ کی مرکزی تقریب سے چند گھنٹے قبل، جموں و کشمیر کے مرکزی مقام پر بم کی دھمکی موصول ہونے کے بعد حکام نے فوری طور پر تلاشی کی کارروائی شروع کی۔
تاہم، حکام نے اتوار کو بتایا کہ ہفتہ کی رات موصول ہونے والی بم کی دھمکی جھوٹی ثابت ہوئی۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا ایم اے سٹیڈیم جموں میں پرچم کشائی کریں گے اور پریڈ میں سلامی لینے والے ہیں، جہاں یوم جمہوریہ کی مرکزی تقریب منعقد ہو رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ بھی اس تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوں گے۔
حکام کے مطابق دھمکی والا ای میل “Dise Lish” کے یوزر نیم سے مختلف محکموں کے افسران، بشمول سیکرٹری ہائر ایجوکیشن اور ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کو بھیجا گیا تھا۔
اس ای میل کے بعد بم ڈسپوزل سکواڈ کی متعدد ٹیموں کو سٹیڈیم میں تعینات کیا گیا اور سٹیڈیم کی مکمل تلاشی لی گئی، جس دوران سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے، لیکن کسی بھی قسم کا مشتبہ مواد برآمد نہیں ہوا۔
حکام نے بتایا کہ ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے تاکہ ای میل بھیجنے والوں کی شناخت کی جا سکے اور انہیں گرفتار کیا جا سکے۔
جموں میں یوم جمہوریہ کی تقریب کے مقام پر بم کی دھمکی جھوٹی ثابت ہوئی: پولیس
