عظمیٰ ویب ڈیسک
گول/ ضلع رام بن کے سب ڈویژن گول میں اُس وقت سخت غم و غصے کی فضا پیدا ہوگئی جب سماجی رابطہ گاہ فیس بُک پر ایک مقامی نوجوان کی جانب سے پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے متعلق مبینہ طور پر گستاخانہ الفاظ کے اسکرین شاٹس سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئے۔ اس واقعے نے علاقے میں بے حد تشویش اور ناراضگی کو جنم دیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق دلواہ گول کے ایک مقامی نوجوان کے خلاف اس پوسٹ کے سامنے آنے کے بعد متعدد افراد نے پولیس تھانہ گول میں تحریری شکایات درج کرائیں۔ شکایات کے جائزے کے بعد پولیس نے مذکورہ شخص کے خلاف مقدمہ علت نمبر 0090کے تحت دفعات
196(2) 352/353(2) BNS/2023
کے مطابق کارروائی شروع کر دی ہے۔
اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ گول ہمیشہ امن و بھائی چارے کی مثال رہا ہے، لیکن سوشل میڈیا پر مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والی کارروائیاں کشیدگی اور بے چینی کو جنم دیتی ہیں۔ مقامی لوگوں نے پولیس اور سول انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو فوری طور گرفتار کیا جائے اور سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں کوئی بھی شخص مذہبی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی جرأت نہ کر سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے عناصر جو سوشل میڈیا کا غلط استعمال کرتے ہوئے مذہبی جذبات بھڑکانے کی کوشش کرتے ہیں، ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ناگزیر ہے تاکہ علاقائی امن و امان برقرار رہے۔
پولیس نے بتایا ہے کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور تمام قانونی پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔
پیغمر اسلام ﷺ کی شان میں گستاخانہ الفاظ کا استعمال، گول میں ایک نوجوان کے خلاف مقدمہ درج