محمد تسکین
بانہال/سالانہ شری امرناتھ جی یاترا2026کے لیے یاتریوں کا دسواں قافلہ ہفتہ کی علی الصبح جموں کے بھگوتی نگر یاتری نواس سے سخت سیکورٹی انتظامات کے درمیان روانہ ہوا۔ حکام کے مطابق مجموعی طور پر 9,182 یاتری333 گاڑیوں کے قافلے میں بالتل اور پہلگام کے دو بنیادی کیمپوں کی جانب روانہ ہوئے۔بھگوتی نگر بیس کیمپ کے جوائنٹ پولیس کنٹرول روم کے مطابق بالتل جانے والا قافلہ، جس میں 3,305 یاتری شامل تھے، صبح 2:43 بجےجموں سے روانہ ہوا، جبکہ 5,877 یاتریوںپر مشتمل پہلگام جانے والا قافلہ صبح 3:31 بجےاپنی منزل کی جانب روانہ کیا گیا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس قافلے میں 6,455 مرد، 2,389 خواتین، 31 بچے، 256 سادھو، 46 سادھویاںاور 5 خواجہ سرا یاتری شامل ہیں، جبکہ اس بار کے دسویں قافلے میں کوئی بھی غیر ملکی یاتری شامل نہیں تھا۔حکام نے بتایا کہ یاتری 196 بسوں، 43 میڈیم موٹر وہیکلز (MMVs)، 91 لائٹ موٹر وہیکلز (LMVs)اور 3 دو پہیہ گاڑیوںکے ذریعے روانہ ہوئے۔ اس کے ساتھ ہی موجودہ یاترا کے آغاز سے اب تک جموں سے روانہ ہونے والے یاتریوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر70,794ہو گئی ہے۔
قافلے کی حفاظت کے لیے جموں و کشمیر پولیس، سی آر پی ایف اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے اہلکار تعینات تھے، جبکہ سینئر افسران نے جموں-سرینگر قومی شاہراہ پر قافلے کی نقل و حرکت کی براہِ راست نگرانی کی تاکہ یاتریوں کا سفر محفوظ اور پُرامن رہے۔حکام نے کہا کہ ہمالیائی پہاڑوں میں واقع مقدس امرناتھ غار کی سالانہ یاترا کثیر سطحی سیکورٹی حصار میں خوش اسلوبی سے جاری ہے، جبکہ یاتریوں کی حفاظت، صحت اور سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے چوبیس گھنٹے نگرانی اور جامع انتظامات کیے گئے ہیں۔