عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/آل پیپلز پروگریسیو الائنس کشمیر (APPAK) نے فردوس کالونی، عیدگاہ، ڈاکٹر علی جان روڈ کے تاجروں اور مقامی باشندوں کی جانب سے سڑک کی خستہ حالی سے متعلق موصول ہونے والی متعدد شکایات پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔
پارٹی کے مطابق علاقے کے عوام نے شکایت کی ہے کہ سڑک پر عرصہ دراز سے میکڈمائزیشن اور بلیک ٹاپنگ نہ ہونے کے باعث روزانہ آنے جانے والے شہریوں، دکانداروں، اسکول جانے والے بچوں اور عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
عوامی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اے پی پی اے کے رہنما خورشید احمد نے سابق میونسپل کونسلر ترابل مہجبین پٹھان کے ہمراہ چیف انجینئر روڈزآر اینڈ بی کشمیر سے ملاقات کی اور مطالبہ کیا کہ مذکورہ سڑک کی فوری بنیادوں پر مرمت، میکڈمائزیشن اور بلیک ٹاپنگ کا کام شروع کیا جائے۔
وفد نے چیف انجینئر کو بتایا کہ سڑک کی ابتر حالت ایک سنگین عوامی مسئلہ بن چکی ہے، جس کی وجہ سے مقامی آبادی کو روزمرہ آمدورفت میں شدید دشواریوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کر کے عوام کو محفوظ اور بہتر سفری سہولیات فراہم کی جائیں۔
چیف انجینئر نے وفد کی بات غور سے سنی اور یقین دہانی کرائی کہ معاملے کا جائزہ لے کر جلد از جلد ضروری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اس موقع پر اے پی پی اے کے رہنما خورشید احمد نے کہا کہ پارٹی عوامی مسائل کو متعلقہ حکام تک پہنچانے اور ان کے فوری حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی تاکہ لوگوں کے حقیقی مسائل بروقت حل ہو سکیں۔
فردوس کالونی عیدگاہ کی خستہ حال سڑک کی فوری مرمت کا مطالبہ، اے پی پی اے کے وفد کی چیف انجینئر آر اینڈ بی سے ملاقات