عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/قائد حزب اختلاف سنیل شرما نے بدھ کے روز نیشنل کانفرنس پر عوامی مینڈیٹ کے غلط استعمال کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے لینڈ گرانٹس ایکٹ میں ترمیم سے متعلق نجی رکن بل کو آگے بڑھانا عوامی مفاد کے بجائے اشرافیہ کے مفادات کے تحفظ کی کوشش ہے۔سنیل شرما نے کہا کہ جن لوگوں نے نیشنل کانفرنس کو اس امید کے ساتھ ووٹ دیا تھا کہ وہ ان کے حقوق کی حفاظت کرے گی، وہ آج خود کو مایوس محسوس کر رہے ہیں۔انہوں نے کہامجھے بڑے افسوس کے ساتھ یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ آپ کا مینڈیٹ اب عوامی بھلائی کے لیے نہیں بلکہ اشرافیہ کے مفادات کے تحفظ کے لیے استعمال ہوتا نظر آ رہا ہےچاہے وہ نیڈوز ہو، وزیر اعلیٰ کی ذاتی جائیداد ہو یا بااثر طبقے کے مخصوص حلقے ہوں۔
مجوزہ قانون سازی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا، ’لینڈ گرانٹس ایکٹ میں ترامیم‘ کے عنوان سے ایک نجی رکن بل پیش کیا گیا، اور وزیر اعلیٰ نے فوراً اسے اجازت دے دی۔ یہ سنگین خدشات کو جنم دیتا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ اس اقدام کے ذریعے سرکاری زمین کے وسیع رقبے کو انتہائی کم قیمت پر دوبارہ لیز پر دینے کی راہ ہموار کی جا رہی ہے، جو کئی دہائیوں سے جاری ایک روایت ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا، یہ عام شہری کو کیا پیغام دیتا ہے؟اور مزید کہا، یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ عوامی اثاثوں کے تحفظ اور محروم طبقات کو انصاف فراہم کرنے کے بجائے، حکومت ایک مخصوص بااثر طبقے کو فائدہ پہنچانے میں مصروف نظر آتی ہے۔شرما نے کہا کہ وہ لوگ جو طویل عرصے سے غریبوں کے حق پر فائدہ اٹھاتے آئے ہیںاُن پر سرکار پھر سے مہربان ہو رہی ہے ،انھوں نے کہا کہ یہ صرف مایوس کن نہیں بلکہ عوام کے اعتماد سے غداری ہے۔
عوامی مینڈیٹ سے غداری: سنیل شرما کا نیشنل کانفرنس پر لینڈ گرانٹس بل کو لے کر سخت حملہ