محمد تسکین
بانہال/بانہال پولیس نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے شری امرناتھ جی یاترا پر آئے تین یاتریوں کا ایک ہینڈ بیگ بازیاب کر لیا، جس میں 1 لاکھ 32 ہزار روپے نقداور اہم دستاویزات موجود تھیں۔ پولیس نے تیز رفتار تحقیقات کے ذریعے کمرشل ٹیکسی کا سراغ لگا کر بیگ اس کے اصل مالکان کے حوالے کر دیا۔پولیس کے مطابق یہ واقعہ 8 جولائی کو پیش آیا، جب چھبل داس، سدانند وسپوتے اور سہاس دتاتریہ سوریہ ونشی، جو جلگاؤں، مہاراشٹرکے رہائشی ہیں، سفر کے دوران کرائے کی ہونڈا امیزٹیکسی کی نشست کے نیچے اپنا ہینڈ بیگ بھول گئے۔ بیگ میں 1,32,000 روپے نقداور اہم دستاویزات موجود تھیں۔ یاتری شکایت درج کراتے وقت ٹیکسی ڈرائیور کی شناخت کرنے سے قاصر تھے۔
شکایت موصول ہوتے ہی ایس ایچ او بانہال عاشق حسین لون نے ضلع پولیس ہیڈکوارٹر رام بن کی مدد سے فوری تحقیقات شروع کیں۔ تکنیکی تجزیے، ٹول پلازہ ریکارڈ، گاڑی کی ملکیت کی تفصیلات اور سوپور پولیس کے تعاون سے تحقیقاتی ٹیم نے متعلقہ ٹیکسی کا سراغ لگا کر ڈرائیور کی شناخت کی، جسے بعد ازاں بانہال طلب کیا گیا۔
9 جولائی کو برآمد شدہ ہینڈ بیگ، جس میں مکمل نقد رقم اور تمام اہم دستاویزات موجود تھیں، پولیس اسٹیشن بانہال میں پیش کیا گیا۔ ضروری قانونی کارروائی اور تصدیق مکمل ہونے کے بعد بیگ اس کے اصل مالکان کے حوالے کر دیا گیا۔
یاتریوں نے رام بن پولیس بالخصوص بانہال پولیس اور ایس ایچ او عاشق حسین لون کی قیادت میں کام کرنے والی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی بروقت، پیشہ ورانہ اور مربوط کارروائی کے باعث ان کی قیمتی رقم اور دستاویزات محفوظ واپس مل گئیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کامیاب کارروائی جموں و کشمیر پولیس کے اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ شری امرناتھ جی یاترا کے دوران یاتریوں کی حفاظت، سہولت اور مدد کو یقینی بنانے کے لیے بروقت، پیشہ ورانہ اور بین الاضلاعی تعاون پر مبنی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
بانہال پولیس نے امرناتھ یاتریوں کا1.32 لاکھ نقد اور اہم دستاویزات سے بھرا بیگ بازیاب کر کے مالکان کے حوالے کر دیا